پتور، 10 / جون (ایس او نیوز) اپن انگڈی کے قریب 34 نیکیلاڈی نامی گاوں میں سرکاری زمین پر اپنا مکان تعمیر کرنے کی کوشش میں مصروف مامتا نامی خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اس کے پڑوسی نے اس کا زیر تعمیر مکان ڈھا دیا ہے جس کی وجہ سے وہ لوگ بے گھر ہوگئے ہیں ۔
مامتا کا کہنا ہے کہ ا سکا شوہر پتور میونسپالٹی کے واٹر پمپنگ اسٹیشن میں ملازم تھا جسے اب برطرف کر دیا گیا ہے اور سرکاری کوارٹرس کو خالی کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے سرکاری زمین پر اپنے لئے ذاتی گھر تعمیر کرنے کے مقصد ایک شیڈ بنایا تھا جسے توڑ کر اب پوری طرح گھر میں تبدیل کیا جا رہا تھا ، لیکن بالاچندرا گوڈا نامی شخص نے ان کا یہ گھر ڈھا دیا جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ اب پوری طرح بے گھری کا شکار ہو گئے ہیں ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری زمین پر ناجائز قبضے کا معاملہ ہے تو اس کے لئے متعلقہ سرکاری محکمہ اور افسران کو کارروائی کرنا چاہیے ۔ کسی مالدار آدمی کی جانب سے ایک غریب خاندان کے خلاف زور زبردستی کسی بھی طرح درست نہیں ہے ۔
34 نیکیلاڈی گرام پنچایت کے رکن پرشانت کا کہنا ہے کہ "تقریباً مکمل ہو چکے ایک گھر کو گرانا پوری طرح غیر انسانی حرکت ہے ۔ ریوینیو ڈپارٹمنٹ کو اس کی تحقیق کرنی چاہیے اور اس معاملے کے ذمہ دار شخص کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔
مامتا نے اس ضمن میں اپن انگڈی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔